اسرائیلی فوج بین الاقوامی دباؤ کو نظر انداز کر کے غزہ کے علاقے رفح میں داخل
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے رفح میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں میں اتوار کی صبح سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔
شیئرینگ :
اسرائیلی فوج بین الاقوامی دباؤ کو نظر انداز کر کے غزہ کے علاقے رفح میں داخل ہوگئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے رفح میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں میں اتوار کی صبح سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق رفح میں اسرائیلی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری سےمتعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے جبکہ غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور 72 سال کا سرجن اور ان کا بیٹا بھی شامل ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے ساحلی شہر رأس الناقورة پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جنوبی لبنان سے آیا دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرون ساحلی پٹی سے ٹکرایا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کا مشہور آئرن ڈوم دفاعی نظام حملہ روکنے میں پھر ناکام رہا، گزشتہ دو دن سے لبنان کی جانب سے اسرائیل پر کئی بار حملے ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنانی گروپ حزب الله نے ڈرون حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل 14 مئی کو اپنے قیام کی سالگرہ منائے گا، اسرائیل میں متعدد سرکاری و غیر سرکاری تقریبات ہونی ہیں، اسرائیل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
یاد رہے کہ فلسطینی مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی قبضے پر یوم نکبہ ( تباہی کا دن ) مناتے ہیں۔