پاکستان کے عوام اور حکام صدر ایران آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگوار ہیں
اسی کے ساتھ اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے اور کراچی، پشاور، لاہور اور کوئٹہ میں ایرانی قونصل خانوں پر نصب اسلامی جمہوریہ ایران کا قومی پرچم صدر آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے سوگ میں جھکا دیا گيا ہے ۔
شیئرینگ :
پاکستان کے عوام اور حکام صدر ایران آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگوار ہیں اور پورے پاکستان سے سیاسی، مذہبی اور عوامی شخصیات کی جانب سے اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانے اور صوبائی دارالحکومتوں میں ایرانی قونصل خانوں کے نام بڑی تعداد میں تعزیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
پاکستان کے صدر، وزیر اعظم ، قومی اسمبلی کے اسپیکر،سینیٹ کے چیئر مین ، وفاقی وزریروں، صوبائی وزائے اعلی ، سبھی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اہم سیاستدانوں اور مذہبی عمائدین نے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان اور دیگر اہم شخصیات کی شہادت پر تعزیتی پیغامات جاری کئے ہیں۔
اس المناک سانحے پر ملت ایران کے ساتھ یک جہتی میں پاکستان کا قومی پرچم جھکا دیا گیا ہے اور ایک دن کے عام سوگ کا اعلان کیا گیا۔
اسی کے ساتھ اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے اور کراچی، پشاور، لاہور اور کوئٹہ میں ایرانی قونصل خانوں پر نصب اسلامی جمہوریہ ایران کا قومی پرچم صدر آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے سوگ میں جھکا دیا گيا ہے ۔
اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانے میں تعزیتی رجسٹر رکھ دیا گیا ہے جس پر اہم شخصیات آکر تعزیتی کلمات اور اس المناک سانحے پر اپنے تاثرات لکھ رہی ہیں۔
اسلام آباد میں دیگر ملکوں کے سفیروں اور سینیئر سفارتکاروں نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے میں حاضری دی، تعزیت پیش کی اور تعزیتی رجسٹر پر اپنے تاثرات رقم کئے ۔
پاکستان کے حکام نے اپنے تعزیتی پیغامات میں اس سانحے پر گہرا دکھ ظاہرکیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے ایرانی بھائیوں کے اس غم میں شریک ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے آیت اللہ رئیسی کی شہادت کو ایران کے ساتھ ہی پاکستان اور پورے عالم اسلام کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے آیت اللہ رئیسی کی شہادت کو ناقابل تلافی نقصان سے تعبیر کیا اور ملک میں ایک دن کے عام سوگ کا اعلان کردیا۔
پاکستانی سینیٹ کے چیئر مین یوسف رضا گیلانی نے تعزیتی پیغام جاری کرکے آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اپنے پیغام تعزیت میں صدر ایران آیت االلہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو ناقابل تلافی نقصان سے تعبیر کیا ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے باہمی رابط کی تقویت میں شہید آیت اللہ رئیسی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بتایا ہے کہ صدر ایران کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر نشر ہوتے ہی پاکستان کے اعلی عہدیداروں، سیاستدانوں، مذہبی عمائدین اور دیگر اہم شخصیات اورعوام کے مختلف طبقات کی جانب سے صدر اور ان کے ساتھیوں کی سلامتی کی آرزو اور دعائيں کی گئيں لیکن تقدیر کو کچھ اور منظور تھا اور صدر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ درجہ شہادت پر فائز ہوگئے ۔
اس رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی اوردیگر اہم شخصیات نے ایران کے سفیر کو ٹیلیفون کرکے تعزیت پیش کی اور اس سانحے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔
ادھر صوبہ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ ، گورنر سندھ ، صوبائی وزرا اور اہم سیاستدانوں نے ایران کے قونصلر جنرل کو اس سانحے پر تعزیت پیش کی اور اس المناک سانحے پر خود کو ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کے غم میں برابر کا شریک قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے بھی آیت اللہ رئیسی کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے ۔
سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے پیغام تعزیت میں کہا ہے کہ آیت اللہ رئیسی کی مظلومانہ شہادت نے پورے عالم اسلام کو سوگوار کردیا ہے۔
اسی طرح کے پیغامات پاکستان کے دیگر سبھی اہم سیاستدانوں او شخصیات نے بھی جاری کئے ہیں۔