کرم ایجنسی: صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائیر سروس شروع
وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر کرم کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے، گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے پشاور سے کرم کےلیے 2 پروازیں کیں
شیئرینگ :
خیبرپختونخوا حکومت نے کُرم میں جاری کشیدگی کے باعث علاقے میں آمدورفت کے لیے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائیر سروس شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر کرم کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے، گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے پشاور سے کرم کےلیے 2 پروازیں کیں۔
پروازوں کے ذریعے پاراچنار سے 14 مریضوں سمیت 53 افراد پشاور منتقل کیے گئے جبکہ آج ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز کے ذریعے جرگہ ارکان اور سرکاری عملے پر مشتمل 16 افراد کو پاراچنار پہنچایا گیا۔
حکام کے مطابق آج دوسری پرواز کے ذریعے پاراچنار سے 27 افراد کو ٹل منتقل کیا گیا جبکہ تیسری پرواز کے ذریعے ٹل میں پھنسے افراد کو پاراچنار منتقل کیا جائے گا، آج مجموعی طور پر پانچ پروازیں ہونگی جن کے ذریعے سو سے زائد افراد کو منتقل کیا جائیگا۔
صوبائی حکام کے مطابق علاقے میں ادویہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس جاری رہے گی،گزشتہ روز پشاور سے 1کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 1850 کلوگرام ادویات پاراچنار پہنچائی گئیں، مجموعی طور کرم میں ادویہ کی فراہمی کے لیے ہیلی کاپٹر نے7 پروازیں بھریں۔