ایران: رواں برس غیر قانونی داخل ہونے والے دس ہزار پاکستانی گرفتار
اعداد و شمار کے مطابق 2020ء سے 2024ء تک 5سال کے دوران پاکستان سے غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے 62 ہزار سے زائد پاکستانی شہری گرفتار ہوئے۔
شیئرینگ :
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ رواں برس غیر قانونی بیرونِ ملک پہنچنے کے خواہشمند 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہری ایران میں گرفتار ہوئے ہیں۔
پاکستانی خبر رساں ادارے صباح نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس جنوری سے 15 دسمبر تک 10 ہزار 454 پاکستانی شہریوں کو ایران میں گرفتار کیا گیا، یہ لوگ بلوچستان کے غیر روایتی راستوں سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتار افراد کو مختلف اوقات میں گرفتاری کے بعد ایرانی حکومت نے ضلع چاغی کے سرحدی شہر تفتان میں پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق بلوچستان کے راستے پاکستانیوں کے علاوہ افغان شہری بھی بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپی ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ان کی بڑی تعداد ایران میں گرفتار ہو جاتی ہے۔
حکام کے مطابق 2024ء میں ایران میں 2023ء کے مقابلے میں گرفتاریوں کی شرح زیادہ رہی، گذشتہ برس ایران میں گرفتار ہونیوالے پاکستانیوں کی تعداد 8 ہزار 272 تھی۔
ایف آئی اے اعداد و شمار کے مطابق 2020ء سے 2024ء تک 5سال کے دوران پاکستان سے غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے 62 ہزار سے زائد پاکستانی شہری گرفتار ہوئے۔
حکام کے مطابق ایران میں گرفتار ہونیوالے پاکستانی شہریوں میں سب سے زیادہ لوگوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔