تاریخ شائع کریں2017 20 September گھنٹہ 13:30
خبر کا کوڈ : 284718

میکسیکو میں زلزلے نے قیامت ڈھا دی/ 226 افراد ہلاک

زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 123 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے پیوبلا کے قریب تھا
زلزلے کے بعد میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں میکسیکو کے شہریوں سے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تباہ شدہ علاقوں میں لوگوں کو ہماری ضرورت ہے
میکسیکو میں زلزلے نے قیامت ڈھا دی/ 226 افراد ہلاک
 شمالی امریکی ملک میکسیکو میں 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 226 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

گذشتہ دو ہفتے کے دوران میکسیکو میں یہ دوسرا خوفناک زلزلہ ہے جس سے دارالحکومت ’میکسیکو سٹی‘ سمیت ملک کے کئی علاقے ایک بار پھر لرز اٹھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا کہ وسطی میکسیکو میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 123 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے پیوبلا کے قریب تھا۔

میکسیکو کی سِول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اب تک ملک میں زلزلے کے نتیجے میں 226 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سِول ڈیفنس ایجنسی کے سربراہ لوئس فیلیپے پوئینٹے نے کہا کہ میکسیکو کے دار الحکومت میکسیکو سٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوئیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ میکسیکو سٹی میں 117 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دارالحکومت کے جنوب میں واقع ریاست موریلوس میں 55 اور پیوبلا میں 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

زلزلے کے بعد میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں میکسیکو کے شہریوں سے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تباہ شدہ علاقوں میں لوگوں کو ہماری ضرورت ہے لیکن پہلے زلزلے کے نتیجے میں منہدم عمارتوں تلے دبے افراد کو نکالنا زیادہ اہم ہے۔

میکسیکو کے دار الحکومت کے 40 فیصد حصوں جبکہ ریاست موریلوس کے 60 فیصد علاقوں میں اس وقت بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گورتریز نے میکسیکو میں قیامت خیز زلزلے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قدرتی آفت میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں وہ میکسیکو کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

میکسیکو حکومت نے میکسیکو سٹی کے اس زلزلے کو بھی قومی سانحہ قرار دے کر متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میکسیو زلزلے پر دکھ کا اظہار کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا دکھ کی اس مشکل گھڑی میں میکسیکو کی عوام کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جبکہ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوب مغربی ساحل سے 100 میل دور تھا جبکہ اس کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی، جو میکسیکو میں گذشتہ ایک صدی کے دوران سب سے تباہ کن زلزلہ تھا۔
https://taghribnews.com/vdcjvxe8ouqeoaz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ