تحریک جہادِ اسلامی فلسطین نے غزہ کی حالیہ جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا
حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے، تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد نخالہ نے ایک اعلیٰ سیاسی وفد کے ہمراہ ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
شیئرینگ :
رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا:آج غاصب صہیونی حکومت کو ستر سال پہلے کے حالات سے بالکل مختلف حالات کا سامنا ہے۔ آج غاصب صہیونی حکومت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور وہ 80 سال نہیں دیکھ سکے گی۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے، تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد نخالہ نے ایک اعلیٰ سیاسی وفد کے ہمراہ ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس موقع پر رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے زیاد نخالہ اور ان کے ہمراہ وفد کو حالیہ غزہ کی جنگ میں کامیابی پر تبریک پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آج غاصب صہیونی حکومت کو ستر سال پہلے کے حالات سے بالکل مختلف حالات کا سامنا ہے۔ آج غاصب صہیونی دشمن زوال پذیر اور رد عمل کی پوزیشن میں ہے اور ان صورت حال سے معلوم ہوتا ہے کہ تحریک جہادِ اسلامی اور فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے صحیح راستے کا انتخاب کیا ہے اور تدبیر کے ساتھ اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
رہبرِ انقلابِ اسلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جب تک خطرات کا سامنا نہ کیا جائے اہداف اور عظیم کاموں کا حصول ممکن نہیں ہوگا، فرمایا کہ آج خدا کے فضل وکرم سے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں اور جہادِ اسلامی کی طاقت اور اعتبار میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور غاصب صہیونی حکومت کی حالیہ 5 روزہ جنگ میں شکست اس بات کی تصدیق کرتی ہے۔
حضرتِ آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ تحریک جہادِ اسلامی فلسطین نے غزہ کی حالیہ جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا اور آج غاصب صہیونی حکومت کو ستر سال پہلے کے حالات سے بالکل مختلف حالات کا سامنا ہے اور قابض صہیونی لیڈران حق بجانب ہیں کہ وہ اس بات کیلئے فکرمند ہوں کہ یہ حکومت 80 ویں سالگرہ نہ دیکھ سکے گی۔
رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تحریک جہادِ اسلامی اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے غاصب صہیونی حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے کا درست طریقہ اپنایا ہے، مزید فرمایا کہ مغربی کنارے میں مزاحمتی گروہوں کی بڑھتی ہوئی طاقت، غاصب صہیونی دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے اور شکست دینے کی کلید ہے، لہٰذا اس راستے کو جاری رکھنا چاہیئے۔
رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے سیاسی اور جنگی میدان میں اتحاد و اتفاق پر فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بہت اہم قرار دیا اور فلسطینی عوام اور مزاحمتی گروہوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے حمایت کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس ملاقات میں، تحریک جہادِ اسلامی فلسطین کے سیکرٹری جنرل زیاد نخالہ نے فلسطینی عوام مزاحمتی اور تحریکوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلسل حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کی حالیہ پیش رفت بالخصوص غزہ میں 5 روزہ جنگ میں غاصب صہیونی حکومت کی شکست اور مغربی کنارے کے حالات اور اس علاقے میں مزاحمتی گروہوں کے تسلط کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ جہادِ اسلامی غزہ کی حالیہ جنگ میں فتحیاب ہوئی اور ہمیں امید ہے کہ ہم جلد ہی حتمی فتح اور قدس شریف کی آزادی دیکھیں گے۔