حرم امام رضا (ع) ”سفارتی زیارت“ کے عنوان سے ایک پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں
حرم امام رضا (ع) کے شعبۂ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے ”سفارتی زیارت“ کے عنوان سے ہم ایک پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جو زیارت کے متمنی افراد کیلئے مفت ویزا فراہم کرے گا۔
شیئرینگ :
حرم امام رضا (ع) کے شعبۂ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے ”سفارتی زیارت“ کے عنوان سے ہم ایک پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جو زیارت کے متمنی افراد کیلئے مفت ویزا فراہم کرے گا۔
حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کے شعبۂ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ حجت الاسلام والمسلمین مصطفیٰ فقیہ اسفندیاری نے ایران کے ہمسایہ ممالک میں ایرانی ثقافتی امور کے سربراہان کے اجلاس میں، زیارت گاہوں کی ثقافتی امور میں اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی ہمہ گیر وبا کے بعد، زیارت گاہوں پر زائرین کی آمد و رفت میں کمی آئی تھی، لیکن آج شیعہ مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے آنے والوں کے شوق میں اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے ایک پروگرام ”سفارتی زیارت“ کے عنوان سے، ادارۂ برائے ثقافت و ارتباط اور وزارت خارجہ کے حوالے کر دیا ہے تاکہ جن ممالک کے شہری زیارت کے متمنی ہوں ان کےلئے ویزا مفت مہیا کیا جا سکے۔
حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کے شعبۂ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ خوش قسمتی سے وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی اس سلسلے میں اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔
حجت الاسلام فقیہ اسفندیاری نے کہا کہ یہ ادارہ، نذر و نیاز اور وقف شدہ املاک کے مطابق فعال ہوگا۔ یہ پروگرام مختلف شعبوں میں، ہمارے خانۂ فرہنگ کیلئے ثقافت کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی زیارت، علمی اور ثقافتی شعبے میں ترقی کا باعث ہے، لہٰذا خانۂ فرہنگ میں زیارت، نذر اور وقف کی میز نصب کی جائے۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آستانہ قدس رضوی کا دروازہ مسلمانوں اور یہاں تک کہ غیر مسلمانوں کیلئے بھی کھلا ہے، کہا کہ ایران آنے والے سیاحوں کی حرم امام رضا علیہ السّلام سے آشنائی ضروری ہے۔
حجت الاسلام فقیہ اسفندیاری نے ایرانی ہمسایہ ممالک میں خانۂ فرہنگ کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ وہ امام رضا علیہ السّلام کے نام پر ایک عالمی دن کو منسوب کرنے کی کوشش کریں، تاکہ اہل بیت علیہم السّلام کی ثقافت اور سیرت دنیا تک پہنچ سکے۔