سابق وزیراعظم پاکستان نے عالمی عدالتوں سے رجوع کرنے کا عندیہ دے دیا
سابق وزیر اعظم پاکستان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے
شیئرینگ :
سابق وزیر اعظم پاکستان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اقوام متحدہ کا سگنیٹری ہے، ہم تمام انٹرنیشنل اداروں کے پاس جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لوگوں کی زبان ہیں۔ وہ پاکستان کے لوگوں کی سوچ ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز کا فیصلہ اڈیالہ جیل سے ہی ہوگا اور ابھی بھی ہو رہا ہے۔ جب تک بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آتے ہیں ہم آپ کے سامنے ہیں۔ ہمیں جو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اللہ تعالی ہمارا خیال کرنے والا ہے۔