ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ کی اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو
ڈاکٹر قالیباف نے شام میں تکفیریوں کے دوبارہ سر اٹھانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں کی نقل و حرکت غاصب صہیونی حکومت کے اہداف کے حصول کے لئے ہے اور اس پیچیدہ صورتحال میں ہمیں خطے کی بہت سنجیدگی سے حفاظت کرنی ہے
شیئرینگ :
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے اپنے لبنانی ہم منصب نبیہ بری سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔
تقریب خبر رساں ایجنسی(تنا) کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے اپنے لبنانی ہم منصب نبیہ بری سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر قالیباف نے لبنان میں جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہم منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ بندی میں آپ کا کردار بہت زیادہ اہم اور موثر تھا۔ ایسی پیچیدہ صورتحال میں آپ کی کوششوں کے سبب یہ کام اپنے انجام تک پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان کے عوام، حکومت، مقاومتی محاذ اور فیصلوں پر انکے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا خیال رکھا جانا چاہئیے کہ ان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ایک عادی مسئلہ نہ بن کر رہ جائے۔
ڈاکٹر قالیباف نے شام میں تکفیریوں کے دوبارہ سر اٹھانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں کی نقل و حرکت غاصب صہیونی حکومت کے اہداف کے حصول کے لئے ہے اور اس پیچیدہ صورتحال میں ہمیں خطے کی بہت سنجیدگی سے حفاظت کرنی ہے۔
لبنانی اسپیکر نبیہ بری نے بھی ایرانی اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے لبنان کی مدد کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا اور یہ ایک حقیقت ہے کہ صہیونی حکومت نامی وحشی درندے نے لبنان سمیت پورے خطے کو نگلنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے تعاون سے ہم اس وحشی درندے کو روکنے میں کامیاب رہے۔ اس وقت لبنان کے جنوبی علاقوں میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔
ڈاکٹر نبیہ بری نے مزید کہا کہ اس وقت ایک میلین تین لاکھ پناہ گزینوں کی انکے علاقوں میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ میں آپ کا، اسلامی جمہوری ایران کے دیگر اعلی حکام بالخصوص مقام معظم رہبری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔