صہیونی AI ویب سائیٹ کے الزامات پر خاتون پروفیسر عہدے سے فارغ
ہیلیہ دوتقی امریکہ کی ییل یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ ریسرچ اسکالر کے عہدے پر فائز ہیں اور لاء اینڈ پولیٹیکل اکانومی پروجیکٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
امریکہ کی ییل یونیورسٹی نے ایک ایرانی خاتون پرفیسر کو اسرائیل کی مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ویب سائٹ کے آرٹیکل پر لگائے گئے الزامات کی بنیاد پر بغیر ثبوت کے معطل کر دیا ہے۔
امریکہ کے Yale Law School نے ایک ایرانی خاتون کو ان الزامات کے بعد معطل کر دیا ہے جو اسرائیل کی AI سے چلنے والی ویب سائٹ کے آرٹیکل میں لگائے گئے تھے، جس میں فلسطین اور ایران کے لئے وکالت کے ساتھ ساتھ اسرائیل پر ان کی واضح تنقید کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ہیلیہ دوتقی امریکہ کی ییل یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ ریسرچ اسکالر کے عہدے پر فائز ہیں اور لاء اینڈ پولیٹیکل اکانومی پروجیکٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنی معطلی کو فلسطین کی حمایت کے خلاف انتقامی کارروائی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے آزادی رائے کے امریکی قانون کی صریح خلاف ورزی جانا۔
دوتقی نے تعلیمی اور عوامی گفتگو میں مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کے وسیع تر مضمرات کو اجاگر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اے آئی کو ان طلبہ، اساتذہ اور منتظمین کو نشانہ بنانے کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جو نسل کشی اور خاص طور فلسطینیوں کی نسلی تطہیر کے خلاف بولنے کی جرات کرتے ہیں۔
انہیں 3 مارچ کو ایک غیر واضح AI سے چلنے والے دائیں بازو کے صہیونی پلیٹ فارم "Jewish Onliner" کی طرف سے شائع ہونے والے ایک مضمون کے بارے میں مطلع کیا گیا، جس میں ان پر "دہشت گرد" کا جھوٹا لیبل لگایا گیا تھا۔
ایرانی خاتون پرفیسر امریکی فوجی کارروائیوں، سامراجیت، صہیونی نسل کشی اور فلسطین میں جاری انسانی بحران کے مضمرات کے بارے میں آواز اٹھاتی رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مضمون میں لگائے گئے الزامات ان کے خلاف آن لائن ہراساں کیے جانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا باعث بنے ہیں۔
مضمون کی اشاعت کے چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر ییل لا اسکول انتظامیہ نے دوتقی کو چھٹی پر بھیج دیا۔
انہوں نے انتظامیہ پر تنقید کی کہ وہ بغیر کسی کارروائی کے AI سے پیدا ہونے والے الزامات کی بنیاد پر تفتیش کر رہی ہے۔
دوتقی نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے منصفانہ تحقیقات پر اپنے صہیونی عطیہ دہندگان کی منظوری کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ییل کے اثاثہ جات کے منتظمین میں جنرل ڈائنامکس اور لاک ہیڈ مارٹن سے منسلک فرمیں شامل ہیں، جو اسرائیل کی طرف سے نسل کشی کے ارتکاب میں استعمال ہونے والے F-35 لڑاکا طیاروں کے پرزے تیار کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا یہ کریک ڈاؤن ریاستی جبر میں ایک خطرناک اضافہ ہے، جس سے کیمپس میں خوف کی فضا پیدا ہو رہی ہے، ہم صیہونی میک کارتھی ازم کے ایک نئے دور کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جہاں اختلاف رائے کو تشدد کے ذریعے دبایا جاتا ہے اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کو قابل سزا جرم قرار دیا جاتا ہے۔
ہیلیہ دوتقی کے وکیل ایرک لی نے سوشل میڈیا پر لکھا "ییل آزادی اظہار کو دبانے، تعلیمی آزادی کو کچلنے اور آمریت قائم کرنے کی ٹرمپ کی کوششوں کے سامنے گھٹنے ٹیک رہی ہے۔
دریں اثنا، امریکی محکمہ خارجہ مبینہ طور پر AI کے استعمال پر غور کر رہا ہے تاکہ ممکنہ طور پر ان طلباء کے ویزوں کو منسوخ کیا جا سکے جن پر حماس کی حمایت کا الزام ہے۔
یہ اقدامات شہری آزادیوں پر اس طرح کی ٹیکنالوجی کے نتائج کے بارے میں مزید خدشات پیدا کر رہے ہیں۔
ہفتے کے روز کولمبیا یونیورسٹی کے محمود خلیل کو غزہ کی حمایت میں گزشتہ سال کے مظاہروں کی قیادت کے الزام میں امیگریشن کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے حراست میں لیا اور کہا کہ گرین کارڈ ہونے کے باوجود اسے ملک بدر کر دیا جائے۔
خلیل کی حراست کے بعد، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ یہ " ملک بدر کئے جانے والے بہت سے لوگوں میں سے پہلے ہیں۔
ٹرمپ نے خلیل پر "بنیاد پرست غیر ملکی اور حماس کے حامی طالب علم" کا الزام لگاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ امریکی یونیورسٹیوں میں کسی بھی فلسطینی حامی کی سرگرمیوں کے خلاف سخت موقف اپنائے گی۔!