پاکستان کی عظیم قوم کی حسین یادوں کو لے کر تہران روانہ ہو رہا ہوں
اسلام آباد میں ایران کے تعیناتی سبکدوش ہونے والے سفیر محمد علی حسینی نے تہران واپس لوٹنے سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے قابل احترام اور معزز لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
شیئرینگ :
محمد علی حسینی نے تہران واپس لوٹنے سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں نے پاکستان کو وفادار، زندہ دل اور مہمان نواز قوم پایا۔ اس عظیم قوم کی حسین یادوں کو لے کر تہران روانہ ہو رہا ہوں۔
اسلام آباد میں ایران کے تعیناتی سبکدوش ہونے والے سفیر محمد علی حسینی نے تہران واپس لوٹنے سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے قابل احترام اور معزز لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے درمیان رہتے ہوئے آپ نے جس محبت اور مہمان نوازی سے مجھے اور میرے گھر والوں کو نوازا ہے اس پر آپ لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً یہ ہماری زندگی کا اہم اور خوبصورت دور تھا جس کی خوشگوار اور حسین یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔ ایرانی اور پاکستانی قوم میں بہت سے مشترکات ہیں، لہٰذا مشترکہ تاریخ، تہذیب، ثقافت، مذہب اور جغرافیہ ہمیں امکانات اور مراعات کی ایک وسیع بنیاد فراہم کرتا ہے اسی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان بہت سے شعبوں میں ہمیشہ تعاون اور ہم آہنگی رہی ہے۔
اسلام آباد پاکستان میں تعینات ایرانی سبکدوش ہوئے سفیر نے کہا کہ میں نے پاکستان کو وفادار، زندہ دل اور مہمان نواز قوم پایا۔ پاکستان کی سرسبز و شاداب وادیاں، خوبصورت لباس، لذیز کھانے اور ثقافت بہت خاص ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہمارے دور میں بہت بہتری کی طرف گامزن رہے اور میں اس بات پر بھی یقین رکھتا ہوں کہ دونوں ممالک کی حکومت عزم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات آنے والے سالوں میں بھی مزید مستحکم کرے گی۔
محمد علی حسینی نے کہا کہ پاکستان میں، میرے اور میری فیملی کے گزرے ہوئے وقت پر نظر ڈالی جائے تو مجھے یہ کہنا چاہیئے کہ گزشتہ تین سال، ہماری زندگی کے نہایت اہم سال تھے۔ ہم اس عظیم قوم کی حسین یادوں کو لے کر تہران روانہ ہو رہے ہیں اور ہم یہاں کی مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا گو ہوں۔