تاریخ شائع کریں2024 26 July گھنٹہ 11:27
خبر کا کوڈ : 643881

آسٹریلیا نے بھی فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دی

اسرائیلی آباد کاروں کا گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے اور اس کا ارتکاب کرنے کا ذمہ دار تھا ۔ یہ لوگ مغربی کنارے میں فلسطینی باشندو ں کے خلاف مار پیٹ، جنسی حملوں،تشدد اور بعض صورتوں میں قتل جیسے جرائم میں ملوث تھے۔
آسٹریلیا نے بھی فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دی
برطانیہ، امریکا ، کینیڈا اور جاپا ن کے بعد آسٹریلیا نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔اردو نیوز کے مطابق آسٹریلیا نےمغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف پر تشدد کارروائیوں میں ملوث 7 اسرائیلی آباد کاروں اور نوجوانوں کے ایک گروپ پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ اسرائیلی آباد کاروں کا گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے اور اس کا ارتکاب کرنے کا ذمہ دار تھا ۔ یہ لوگ مغربی کنارے میں فلسطینی باشندو ں کے خلاف مار پیٹ، جنسی حملوں،تشدد اور بعض صورتوں میں قتل جیسے جرائم میں ملوث تھے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے مرتکب افراد کا احتساب کرے اور فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر بند کرے کیونکہ یہ سرگرمیاں صرف کشیدگی کو ہوا دیتی ہیں اور استحکام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید نقصان پہنچارہی ہیں۔اس سے قبل برطانیہ، امریکا ، کینیڈا اور جاپان کی جانب سے مغربی کنارے میں تشدد کے ردعمل میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

آسٹریلوی حکومت کے اس اقدام کے بعدآسٹریلیا میں اسرائیلی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے۔سفارت خانے کے ترجمان نے ایک ای میل میں کہا کہ اسرائیل ایک قانونی ریاست ہے اور وہ فلسطینی باشندوں پر تشدد میں ملوث اقلیتی گروہوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کام کرے گی۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے دوران مغربی کنارے میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اگرچہ یہ کارروائیاں اس سے پہلے بھی جاری تھیں۔

دریں اثنا جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیماسا ہیاشی نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ سال اکتوبر سے ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال میں اور جی ۔7 کے رکن ممالک اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپان نے فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث 4 اسرائیلی یہودی آباد کاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئےان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
https://taghribnews.com/vdcjotemvuqexoz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ