انصار اللہ یمن کی شام پر غاصب صیہونی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کی مذمت
انصاراللہ یمن نے شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کو دمشق کے اقتدار اعلی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے
شیئرینگ :
انصاراللہ یمن نے شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کو دمشق کے اقتدار اعلی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے
انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے ایک بیان جاری کرکے شام پر غاصب صیہونی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
انصاراللہ یمن نے کہا کہ شام کے علاقے المصایف پرغاصب صیہونی حکومت کا تازہ فضائی حملہ دمشق کے اقتداراعلی اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی مذمت کی جاتی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے دفاع اور حمایت میں عرب اور اسلامی حکومتوں کی ناکامی نے صیہونی دشمن کی ہمت کافی بڑھادی ہے۔
انصااللہ یمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم برادر ملک شام کی حکومت اورعوام کے ساتھ اپنی مکمل یک جہتی کا اعلان کرتے ہیں اورغاصب صیہونی حکومت کی اس کھلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور شام کی حکومت نیزعوام کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
انصاراللہ یمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ " ہم شام کی سرزمین پر حملے اور ہرقسم کی جارحیت کا جواب دینے کے دمشق کےحق پر زور دیتے ہیں۔"
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عرب اور غیرعرب اسلامی ملکوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خاموشی توڑیں اور امریکا و اسرائیلی حکومت کی دہشت گردی کا اجتماعی جواب دینے کے لئے حرکت میں آئيں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے اتوار کی رات شام کے صوبہ حماہ کے ایک علاقے پر فضائی حملہ کیا جس کا شام کے ایئر ڈیفنس نے مقابلہ کیا اور اس حملے میں گرائے گئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا لیکن اس کے باوجود اس فضائی جارحیت میں 18 عام شہری شہید اور 37 زخمی ہوگئے۔