تقریب نیوز (تنا): سعودی عرب کے اخبار الجزيرہ نے حزب اللہ لبنان کے بغیر پائلٹ کے طیارے کی اسرائیلی فضائی حدود میں کامیاب پرواز اور ایوب نامی کارروائی پر شدید غم و غصہ اورسخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اخـبار کے مطابق حزب اللہ کی طرف سے اسرائیلی فضائی حدود میں ڈرون طیارے کی پرواز سے معلوم ہوتا ہے کہ لبنان پر ایران کی حکومت ہے نہ مائکل سلیمان کی، کیونکہ حزب اللہ کو ڈرون طیارے کی ٹیکنالوجی ایران نے فراہم کی ہے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے حال ہی میں اسرائیلی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرون طیارے کو حزب اللہ کی کارروائی قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کی داغ بیل حزب اللہ میں شہید ایوب نے ڈالی تھی لہذا اس طیارے کی کارروائی کو ہم ایوب کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے سعودی حکام سے بھی کہا تھا کہ وہ سعودی عرب کے دو جزیروں کو اسرائیل سے آزآد کرانے کی کوشش کریں اور عرب عوام کو غصب شدہ جزیروں کے بارے میں آگاہ کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دو جزیرے 1967 کی جنگ میں اسرائیل نے اپنے قبضہ میں لے لئے تھے جن کے بارے میں سعودی حکام نے مکمل سکوت اختیار کررکھا ہے۔
عرب ذرائع کے مطابق آل سعود کی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے ساتھ خفیہ اور کبھی آشکارا تال میل جاری ہے۔