پاراچنار کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی واحد سڑک سمیت ضلع کرم کی سڑکیں گزشتہ 87 روز سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں
شیئرینگ :
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے مرکز پاراچنار میں امن معاہدے کے باوجود مظاہرین نے دھرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سڑکیں کھلنے اور عوام کے لیے محفوظ آمد و رفت یقینی بنائے جانے تک احتجاج جاری رہے گا، پاراچنار میں فریقین کے درمیان بدھ کو امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین نے کہا ہے کہ سڑکیں کھلنے، ٹریفک کی روانی معمول پر آنے اور لوگوں کی سلامتی یقینی بنائے جانے تک پاراچنار پریس کلب کے باہر دھرنا جاری رہے گا۔
دریں اثنا، ضلع کرم میں دونوں طرف سے سے تعلق رکھنے والے افراد نے امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو جانے والی سڑکیں جلد کھل جائیں گی اور علاقے میں معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے۔
بدھ کو کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے حکومت کی سرپرستی میں گرینڈ امن جرگے کی کوششوں کے نتیجے میں امن معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
جرگے کے رکن سید رضا حسین کے مطابق جرگے کے ارکان اور فریقین کے عمائدین نے 14 نکاتی امن معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد سڑکیں کھولنے سمیت امن کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سڑکوں کو کھولنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور مسافروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ واضھ رہے کہ پاراچنار کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی واحد سڑک سمیت ضلع کرم کی سڑکیں گزشتہ 87 روز سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔