ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے سبھی چینلوں پر قرعہ اندازی کے ذریعے سبھی صدارتی امیدواروں کو برابر سے تشہیراتی مہم کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار اور ان کے طرفدار سوشل میڈیا پر بھی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
شیئرینگ :
ایران میں صدارتی انتخابات کی تاریخ نزدیک آنے کے ساتھ ہی امیدواروں کی انتخابی مہم بھی تیز ہوگئی ہے۔ ایک طرف قومی ریڈیو اور ٹیلیویژن سے امیدواروں کو اپنے انتخابی منشور کے بیان اور عوام کے مسائل کے حل کے کے منصوبوں کی تشریح کا برابر سے موقع دیا جارہا ہے تو دوسری طرف سوشل میڈیا پر بھی انتخابی مہم جاری ہے ۔ اس کے علاوہ کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ محدود سطح پر عوامی اجتماعات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
قومی ریڈیو ٹی وی سے صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم کے طے شدہ پروگرام کے تحت جمعہ گیارہ جون کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے سے صوبائی ٹی وی چینلوں سے ان کی انتخابی تشہیرات اور پروپیگنڈہ مہم شروع ہو گئی ہے جبکہ اس پروگرام کو رات میں دس سے بارہ بجے کے درمیان دوبارہ نشر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے سبھی چینلوں پر قرعہ اندازی کے ذریعے سبھی صدارتی امیدواروں کو برابر سے تشہیراتی مہم کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار اور ان کے طرفدار سوشل میڈیا پر بھی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
دریں اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی نشریاتی ادارے، آئی آر آئی بی دفتر رابطہ عامہ نے اعلان کیا ہے کہ تیرہویں صدارتی انتخابات سے متعلق امیدواروں کے درمیان تیسرا ٹی وی مباحثہ ہفتہ بارہ جون کو ہو گا۔ اعلان کے مطابق امیدواروں کے تیسرے اور آخری ٹی وی مباحثے کی تیاری مکمل ہو گئی ہے ۔ آئی آر آئی بی کے دفتر رابطہ عامہ کے مطابق اس مباحثے کا موضوع عوامی مسائل اور ان کا حل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ پانچ جون کو اور دوسرا مباحثہ آٹھ جون کو ہوا تھا جن میں اقتصادی، ثقافتی ، سماجی اور سیاسی معاملات زیر بحث آئے تھے۔ دونوں ٹی وی مباحثے تین گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہے اور صدارتی امیدواروں نے مذکورہ موضوعات کے بارے میں اپنے اپنے نظریات بیان کئے اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
امیدواروں کے مباحثوں کو عوام میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوگئی ہے اور لوگ بہت ہی دلچسپی سے ان مباحثوں کو دیکھتے ہیں۔ نامزد صدارتی امیدواروں کی نشستوں کا انتخاب بھی قرعہ کشی کے ذریعے ہوتا ہے۔ ایران کے صدارتی انتخابات اٹھارہ جون کو کرائے جائیں گے جس کے لیے مجموعی طور پر سات امیدوار ، علی رضا زاکانی، محسن رضائی، محسن مہر علی زادے، سید ابراہیم رئیسی، عبدالناصر ہمتی، سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور سعید جلیلی میدان میں ہیں۔