اسلام کے دشمن اسلام دشمنی سے کبھی بھی ہاتھ نہیں اٹھائیں گے
اسلام کے دشمنوں نے خطے کے اتحادی ممالک کو تقسیم کرنے اور ان کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ گزشتہ برسوں کے دوران ہم نے اسلامی ممالک کے اندر جنگ، دہشت گردی، سڑکوں پر لڑائیاں وغیرہ دیکھی ہیں
شیئرینگ :
اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری نیوز چینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں عالمی مجلس تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ نے کہا ہے کہ سب سے اہم مشترکہ اقدار جو اسلامی معاشرے تعاون کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں وہ پائیدار سلامتی ہے، سلامتی جو تین سطحوں میں سمجھی جاتی ہے: قومی، علاقائی اور عالمی۔
تقریب نیوز کے مطابق ۳۷ ویں وحدت اسلامی کانفرنس کے آغاز پر بریفنگ دیتے ہوئے حجت الااسلام و المسلمین ڈاکٹر حمید شہریاری نے کہا کہ ہر سال تہران میں وحدت اسلامی کانفرنس کے عنوان سے ایک بہت بڑا اجتماع منعقد ہوتا ہے اور اس سال 37 ویں وحدت اسلامی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جو عموماً عالم اسلام کی بزرگ شخصیات اور نامور افراد پر مشتمل ہوتی ہے۔ علمائے کرام، دانشوروں اور سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ ہمیں عصری دور میں غیر ملکی مہمانوں کی تعداد اور معیار میں اضافے کے ساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر نئے تصورات کو بھی سامنے لانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
حجت الاسلام و المسلمین شہریاری نے کہا کہ اس کانفرنس کے تمام مقررین نے عالم اسلام میں بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہمیں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا ہے تاکہ ہم ایک متحد قوم قائم کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے دشمنوں نے خطے کے اتحادی ممالک کو تقسیم کرنے اور ان کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ گزشتہ برسوں کے دوران ہم نے اسلامی ممالک کے اندر جنگ، دہشت گردی، سڑکوں پر لڑائیاں وغیرہ دیکھی ہیں۔
ڈاکٹر شہریاری نے مزید کہا کہ ہم اسلامی ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالم اسلام میں جنگ اور خونریزی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں بڑھائیں۔
ڈاکٹر شہریاری نے خطے میں مذاکرات کی تشکیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ یہی وہ گفتگو ہے جو ہتھیار ڈالنے کا سبب بنے گی اور اس طرح بے گناہوں کے قتل عام کو روکا جا سکتا ہے۔
دنیا میں میڈیا کے اثرات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شہریاری نے کہا کہ ہمیں اسلامی ممالک کے میڈیا کو دعوت دینی چاہیے کہ وہ عالمی استکبار کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مل کر کام کریں اور ان کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے رکھیں۔
واضح رہے کہ 37ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس اس وقت تہران میں جاری ہے جو "مشترکہ اقدار کے حصول کے لیے اسلامی تعاون" کے موضوع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں اور ویبنار کی صورت میں منعقد کی گئی ہے۔