صدر مسعود پزشکیان: غزہ اور لبنانی عوام کے مصائب اور بے گھر ہونے سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے
صدر ایران نے مغربی ممالک کے ساتھ مشاورت کے ذریعے صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے میں ایک عظیم اسلامی ملک کے طور پر سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔
شیئرینگ :
صدر ایران نے کہا ہے کہ ہمیں صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے وجہ سے غزہ اور لبنانی عوام کے مصائب اور بے گھر ہونے سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر آج صیہونی حکومت غزہ میں جرائم اور نسل کشی کی جرات کررہی ہے تو اس کی وجہ کئی اسلامی ممالک کی حمایت اور بے حسی ہے اور اگر ہم نے متحد ہو کر اس جارحیت کا مقابلہ نہ کیا تو کل دوسرے اسلامی شہروں اور ممالک کی باری آئے گی۔
مسعود پزشکیان نے اپنے قطر کے دو روزہ دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات میں صدر ایران نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام اختلاف کو بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا سلوک کریں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جو چیز دنیا میں اسلام کے پھیلنے کا سبب بنی وہ مسلمانوں کے درمیان دوستی اور بھائی چارہ تھی۔
صدر ایران نے مغربی ممالک کے ساتھ مشاورت کے ذریعے صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے میں ایک عظیم اسلامی ملک کے طور پر سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔
اس ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے پزشکیان کو سعودی عرب کے ولی عہد کا پرتپاک سلام پہنچایا اور ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے سعودی عرب کے عزم پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کا باب ہمیشہ کے لیے بند کرنا چاہتے ہیں تاکہ دو دوست اور برادر ممالک کی طرح مسائل کو حل کریں اور اپنے درمیان تعلقات کو فروغ دیں۔