تاریخ شائع کریں2020 21 May گھنٹہ 18:08
خبر کا کوڈ : 463386

یوم قدس آج مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا معیار بن چکا ہے

ہم امام خمینی (رہ) کی اس مدبرانہ حکمت عملی کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے شیعہ اور سنیوں کو یوم قدس کے ذریعہ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا اور جمع کردیا۔ سابق حکمراں کشمیر
یوم قدس آج مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا معیار بن چکا ہے
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سابق حکمراں جماعت پی ڈی پی کے سرکردہ رہنما حمید منہاس نے یوم قدس اور مسئلہ فلسطین کے بارے میں گفتگو میں یوم قدس کو فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں فیصلہ کن دن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے جمعۃ الوداع کو یوم قدس کے نام سے موسوم کرکے مسئلہ فلسطین کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

حمید منہاس نے کہا اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کا سب سے اہم ، قدیمی اور پرانا مسئلہ ہے اور عالمی سامراجی طاقتیں خاص طور پر امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک  اس مسئلہ کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

مسئلہ فلسطین حق و باطل کا معیار بن چکا ہے ۔ ایک طرف امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی ممالک اس مسئلہ کو فراموش کرانے اور اسے نظر انداز کرنے کی گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں ۔

صدی ڈیل کے عنوان سے گہری سازش کی جارہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) نےرمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم قدس کے نام سے موسوم کرکے مسئلہ فلسطین کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔ 

یوم قدس آج مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا معیار بن چکا ہے یوم قدس حق اور باطل کی پہچان بن گیا ہے اور ہم امام خمینی (رہ) کی اس مدبرانہ حکمت عملی کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے شیعہ اور سنیوں کو یوم قدس کے ذریعہ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا اور جمع کردیا۔

یوم قدس شیعوں اور سنیوں کے درمیان اتحاد کی علامت بن چکا ہے ۔ فلسطین میں اسرائیل اور امریکہ کی ظلم و ستم  اور بربریت کی چکی میں سنی مسلمان پس رہے ہیں ۔ سنی مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور اقتصادی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے اور شیعہ مسلمان فلسطین کے سنی مسلمانوں کی حمایت کرکے عملی طور پر ثابت کررہے ہیں کہ شیعہ اور سنی قرآن اور اہلبیت علیھم السلام کے سائے میں ایک اور متحدہ ہیں۔

حمید منہاس نے فلسطین کی آزادی کے لئے یوم قدس کو ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ حضرت  امام خمینی (رہ) کا رمضان کے آخری جمعہ کو یوم قدس کے عنوان سے منانے کا اقدام ایک تاریخی اقدام  ہے،  جو ابتداء میں ایران اور چند دیگر ممالک تک محدود تھا لیکن آج یہ دنیا بھر میں آب وتاب کے ساتھ منایا جاتا ہے ، یہ دن حقیقی معنیٰ میں مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف احتجاج  کا دن ہے ۔

حمید منہاس نے بعض عرب اور اسلامی ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ دوستی اورسیاسی  تعلقات کو برقرار کرنے کے بارے میں مہر نیوز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  اسلامی  تعلیمات میں ظالم کے ساتھ دوستی اور اس کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی مذمت کی گئی ہے اور ظالم کے ساتھ دوستی در حقیقت اس کے ظلم کی حمایت ہے لہذا اسلامی اور بعض عرب ممالک کا یہ اقدام اسلام کی روح اور اقدار کے منافی ہے۔ اسرائیل کے ساتھ دوستی در حقیقت فلسطینی مسلمانوں اور اسلام کے ساتھ بہت بڑی خیانت اورغداری ہے۔

جموں کشمیر کی سابق حکمراں جماعت پی ڈی پی  کے رہنما نے مسئلہ فلسطین کے راہ حل کے بارے میں مہر خبررساں ایجنسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا بہترین حل خود فلسطینی عوام کے ہاتھ میں ہے اور اس سلسلے میں ایران کے روحانی پیشوا حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جو حل پیش کیا ہے وہ بہترین ، جامع اور جمہوری حل ہے جو بین الاقوامی قوانین کے بھی مطابق ہے اس راہ حل کے مطابق فلسطین میں رفرینڈم کرایا جائے کیونکہ ریفرنڈم فلسطینی مسئلہ کا ایک بنیادی ، جمہوری اور اساسی حل ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے اس مؤقف کو اقوام متحدہ میں درج بھی  کروا رکھا  ہے یہ ایران کا سیاسی مؤقف ہے جو مسئلہ فلسطین کا بہترین حل ہے ۔ فلسطینی عوام " مسلمان ، عیسائی اور یہودی " کو اپنی حکومت تشکیل دینے  اور اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ۔

حمید منہاس نے کہا کہ ہماری حمایت اور ہمدردی  فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے فلسطینیوں کی حمایت ہمارا اسلامی، ایمانی،  اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے  ، فلسطینی عوام کی کامیاب یقینی ہے، کیونکہ اللہ تعالی ان کا حامی اور مددگار ہے۔
https://taghribnews.com/vdcjotexmuqemtz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ