تقریب نیوز (تنا): قائد ملت جعفریہ پاکستا ن و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل ان ایام میں دو انتہائی ناپاک اقدامات کا مرتکب ہوا ہے ایک طرف بیت المقدس میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان ''مامن اللہ''پر ناجائز قبضہ کرکے ہوٹل، پارک، اور تجارتی مراکز تعمیر کر رہا ہے اور دوسر ی طرف قبلہ اول کی بنیادوں میں کھدائی کرکے جارحیت کا مرتکب ہورہا ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اور اسلامی ممالک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی اجتماعی قوت اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکیں۔ قبلہ اول اُمت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے جو نصف صدی سے زائدعرصہ سے صہیونی طاقتوں کے زیر تسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ان واقعات کے بعد امسال یوم القدس کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ گئی ہے اور اسرائیلی مظالم و جارحیت کے خلاف پورے ملک میں 2اگست 2013ء بمطابق 23رمضان المبارک 1434ھ بروز جمعہ یوم القدس منایا جارہا ہے۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام سربراہ نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ تمام مکاتب فکر کے افراد بلا تفریق یوم القدس کے احتجاجی پروگرامز میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور قبلہ اول کی آزدی اور فلسطین کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مضبوط و متحد آواز اُٹھائیں۔