تقریب نیوز (تنا): بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے سابق صوبائی امیر مولانا عبد الوحید قریشی کاکہنا تھا کہ دنیا کے تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اور جسم کے کسی ایک حصے میں تکلیف ہو تو پورا جسم سکون سے کیسے رہ سکتا ہے انہوںنے کہا کہ فلسطین مسلم امہ کا قلب اور عالم اسلام کے جسم کا حصہ ہے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی ہر مسلمان کا اولین فریضہ ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان حیدرآباد کے سیکرٹری جنرل مولانا امداد نسیمی کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور دنیا کی کسی طاقت کو یہ حق نہیں پہنچتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو ان کی سر زمین سے بے دخل کر کے وہاں صیہونی غاصب ریاست قائم کرے یا کسی ایسی غاصب ریاست کی حمایت کرے،ان کاکہنا تھا کہ عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل مسلم امہ کے دشمن ہیں اور مسلم امہ کو تقسیم کر کے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہے تاہم پاکستان کے مسلمان امریکی سامراجی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صدر سید احمد رشید، اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما ڈاکٹر یونس دانش نے کہا کہ پاکستان کے مسلمان متحد ہیں اور عالمی سامراجی طاقتوں امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے ناپاک عزائم کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
اس موقع پر کانفرنس کے مقررین نے قرار داد منظور کرتے ہوئے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور حیدر آباد میں مشترکہ طور پر القدس ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کر کے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان کیا جائے گا جبکہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل سے سخت نفرت کا اعلان کیا جائے گا۔