تاریخ شائع کریں2013 25 July گھنٹہ 13:37
خبر کا کوڈ : 136608
مولانا ناصر عباس جعفری :

امریکی و صیہونی ایماء پر شام میں بحران کا مقصد فلسطینی کاز کو نقصان پہنچانا ہے

تنا (TNA) برصغیر بیورو
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ امت مسلمہ عالمی یوم القدس کی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں میں شریک ہو کر قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی عالمی تحریک کا حصہ بن جائیں۔
امریکی و صیہونی ایماء پر شام میں بحران کا مقصد فلسطینی کاز کو نقصان پہنچانا ہے

تقریب نیوز (تنا): مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ صیہونی قوتوں کی ایماء پر شام میں بحران پیدا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد فلسطین کاز کو نقصان پہنچانا ہے۔ یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے کہ سرزمین شام ہی فلسطینیوں کے لئے ہمیشہ پناہ گاہ ثابت ہوئی ہے، جہاں پر تکفیری دہشت گردوں کو جمع کرکے انتشار پھیلایا جا رہا ہے، تاکہ شام میں بشار الاسد حکومت کو غیر مستحکم کرکے امریکہ اور اسرائیل کی من پسند حکومت قائم کرکے فلسطینی کاز کیلئے جاری کوششوں کو نابود کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان مولانا امین شہیدی، مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم پاکستان مولانا اعجاز بہشتی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سندھ مولانا سید صادق رضا تقوی، رہنماء ایم ڈبلیو ایم کراچی مولانا دیدار علی جلبانی، مولانا علی انور جعفری و دیگر بھی موجود تھے۔ 

مولانا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ صیہونی قوتوں کی ایماء پر لڑنے والے دہشت گردوں نے حال ہی میں شام میں نواسی رسول اکرم ﴿ص﴾ حضرت بی بی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر حملہ کیا ہے۔ اس سے قبل اہلبیت ﴿ع﴾ اور صحابی رسول اکرم (ص) کے مزار مقدس کی بھی توہین کی گئی اور ان کے جسد خاکی کو قبر مطہر سے نکال لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں بیرونی قوتوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ان اقدامات سے مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ شام میں حکومت کے خلاف لڑنے والے دراصل تکفیری دہشت گرد ہیں، جن کا اسلام اور اسلام کے سنہرے اصولوں سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ دہشت گرد عناصر پیغمبر اکرم (ص) کی اولادوں اور صحابہ کرام ﴿رض﴾ کے مزارات کے بھی دشمن ہیں۔ آج ہم یہ بات بتانا چاہتے ہیں کہ یہ لوگ کل بھی ناکام تھے اور آج بھی ناکام رہیں گے۔
 
مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم امہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذرائع ابلاغ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی یوم القدس کے حوالے سے خصوصی پروگرامز نشر کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کی عالمی تحریک میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ 

مولانا ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی 23 رمضان المبارک جمعۃ الوداع کو امام خمینی ﴿رہ﴾ کے فرمان کے مطابق پاکستان بھر میں ’’یوم القدس‘‘ منایا جائے گا اور اس عنوان سے ملک بھر میں فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔
 
مولانا ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ فلسطین کی آزادی امام خمینی ﴿رہ﴾ کے فرمان کے مطابق مسلح جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ جمعۃ الوداع یوم القدس کے روز پاکستان کے مسلمان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئیں اور یوم القدس کی ریلیوں اور مظاہروں میں شریک ہوکر قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی عالمی تحریک کا حصہ بن جائیں۔

https://taghribnews.com/vdcdz90fjyt0s96.432y.html
منبع : اسلام ٹائمز
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ