تقریب نیوز (تنا): جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ شام میں مزارات پر حملے قابل نفرت عمل ہیں، امریکہ مسلمانوں کو لڑا کر اپنے مقاصد حاصل کر رہا ہے، عالمی برادری مصر کے بحران کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، او آئی سی، مصر اور شام کی صورتحال پر خاموش تماشائی کیوں بنی ہوئی ہے، امریکہ مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کر رہا ہے، آج مسلمانوں کو پھر صلیبی جنگ کا سامنا ہے لیکن مسلم حکمرانوں میں کوئی صلاح الدین ایوبی نہیں، حکومت یومِ حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کے لیے فوج سے مدد لے، اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے، شام میں مزارات پر حملے عالمی سازش کا حصہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے ملکی ترقی کا راستہ روک رکھا ہے، ملک مقتل کا منظر پیش کر رہا ہے، اخلاقی قدریں زوال پذیر ہیں، پاکستان میں زور دار اخلاقی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، امریکہ اور مغرب مصر میں فوجی مظالم پر کیوں خاموش ہیں، لادین قوتیں اسلام، مساجد اور مزارات کو نشانہ بنا کر مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کر رہی ہیں، مزارات کی بے حرمتی نے عالم اسلام کو شدید بے چینی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔