تقریب نیوز (تنا): تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب میں کہا ہے نئي حکومت میں شامل وزیروں کی ذمہ داری نہایت سنگین ہے اور انہيں اپنے وزارت خانوں پر مکمل نظر رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے رہبرانقلاب اسلامی کی پیروی کرتے ہوئے تمام مشکلات کو سرکیا ہے جو دشمن نے اس پر مسلط کی تھیں۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے مصر کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس ملک میں جاری تشدد اور قتل عام پر افسوس کا اظہار کیا اور مصرکی علمی، دینی اور سیاسی شخصیتوں سے مزید خونریزی کو روکنے کے موثر تدابیر اپنانے کی درخواست کی۔ خطیب جمعہ تہران نے مصری فوج پر تنقید کرتے ہوئے اس ملک کےحکام سے کہا کہ دانشمندانہ موقف اختیار کرے اپنے حق میں عوام کی نفرت کا سد باب کریں کیونکہ مصر میں اگر جھڑپيں جاری رہیں تو ان کا نتیجہ مزید کشت و کشتار کے علاوہ اور کچھ نہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے حالات میں بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے اور ایسے عالم میں مصری گروہوں کو بحران ختم کرنے کے لئے مفاہمت آمیز مذاکرات کرنے چاہیں۔
خطیب جمعہ تہران نے ارض فلسطین پر صیہونیوں کے پینسٹھ سالہ قبضے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران فلسطینیوں پر ظلم ہوا ہے اور یہ ایسے عالم میں ہے کہ مغربی ممالک نے جوانسانی حقوق اور جمہوریت کے بلند بانگ دعوے کرتے رہتے ہیں صیہونیوں کے جرائم کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا ہے بلکہ صیہونیوں کی حمایت ہی کرتے ہیں۔
آيت اللہ موحدی کرمانی نے صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز مذاکرات کو فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش قراردیا اور کہا کہ فلسطینی قوم بیدار اور ہوشیار ہے اور ان مذاکرات کو مسترد کرتی ہے۔
خطیب جمعہ تہران نے گذشتہ روز بیروت میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملت لبنان اور علاقے کے لئے ایک المیے سے تعبیر کیا۔ خطیب جمعہ تہران نے مدینہ منورہ میں قبرستان بقیع میں وہابیوں کے ہاتھوں ائمہ علیھم السلام کے مرقدوں کی مسماری کی برسی کی مناسبت سے کہا کہ تکفیری عناصر انسانوں کے دلوں سے اھل بیت عصمت و طہارت کی محبت کو نکالنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔