تاریخ شائع کریں2013 20 August گھنٹہ 13:06
خبر کا کوڈ : 138627
علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری :

انسانیت کے احترام کو ہر معاشرے کیلئے لازمی قرار دیا جائے

تنا (TNA) برصغیر بیورو
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دین اسلام نے انسانیت کے احترام کو زندگی کے ہر گوشے میں اولیت دی ہے، مذہبی طبقے کو قول و فعل کے تضاد کو ختم کردینا چاہیے،انکے کردار سے انسانیت کیلئے خیر اور محبت پھوٹنی چاہیے۔
انسانیت کے احترام کو ہر معاشرے کیلئے لازمی قرار دیا جائے

تقریب نیوز (تنا): عالمی یوم انسانیت کے موقع پر غیر مسلموں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے بانی سر پرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج انسانیت میں محبت بانٹنے کی ضرورت ہے، نفرت اور انتہا پسندی کی خار دار جھاڑیوں کو چُن چُن کر ختم کرنا ہو گا اور اسکی جگہ محبت،امن اور احترام کے پھول کھلانا ہوں گے، دین اسلام نے انسانیت کو ایسا احترام دیا ہے جو کرہ ارض پر موجود ہر فرد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس حوالے سے انفرادی اور اجتماعی طور پر مختلف معاشروں کو فرائض کی ادائیگی کا پابند بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کے احترام کو ہر معاشرے کیلئے لازمی قرار دے کر اسلام نے بچوں سے لے کر بوڑھوں حتیٰ کہ اس دار فانی سے کوچ کر جانے والوں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا ہے،ظلم،استحصال اور جبر کا صدیوں تک شکار رہنے والی عورت کے حقوق کو تحفظ اور احترام دے کر اسلام نے اسے معاشرے کا ایسا فرد قرار دیا جسکے حقوق مردوں کے برابر ہیں۔اس لئے یہ کہنے میں کسی مسلمان کو تامل نہیں ہونا چاہیے کہ دین اسلام کی اقدار انسانیت کے احترام کے گرد گھومتی ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دین اسلام نے انسانیت کے احترام کو زندگی کے ہر گوشے میں اولیت دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی طبقے کو قول و فعل کے تضاد کو ختم کردینا چاہیے،انکے کردار سے انسانیت کیلئے خیر اور محبت پھوٹنی چاہیے،تحریک منہاج القرآن نے انسانیت کے احترام کو اپنی دعوت کی اساس قرار دے رکھا ہے اور اس سے وابستہ ہر شخص کی تربیت اس انداز سے کی گئی ہے کہ اس کے قول اور فعل سے کسی کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوئی اذیت نہ پہنچے۔ 

انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کو دنیا کے گلوب پر پذیرائی اس لئے ملی ہے کہ اس نے انسانیت کو محبت اور امن دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔

https://taghribnews.com/vdcgx79quak9w34.,0ra.html
منبع : اسلام ٹائمز
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ