تقریب نیوز (تنا): ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائمقام سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی تشکیل و تعمیر اور سالمیت و دفاع میں دیگر مکاتب فکر کے شانہ بشانہ شیعہ عوام نے بھی علماء و اکابرین کی قیادت میں صبر آزما جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کیں، جن میں علامہ سید محمد دہلوی مرحوم کی جدوجہد اور کاوشیں نمایاں حیثیت کی حامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
قائد اول علامہ سید محمد دہلوی کی 42 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم، بلند پایہ عالم دین اور بے بدل قائد تھے جنہوں نے پرامن سیاسی اور جمہوری طرز احتجاج کی داغ بیل ڈالی اور اپنے مطالبات کو منطقی انداز میں پیش کیا اور پیرانہ سالی کے باوجود ملت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ اس مشکل دور میں کم وسائل کے باوجود مسلسل اور انتھک محنت سے قوم کو شعور اور اتحاد کی نعمت کا احساس دلایا۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ شیعہ مطالبات کمیٹی سے لے کر تمام قومی و ملی مسائل اور مختلف مکاتب فکر کے دیگر مشترکہ فورموں میں علامہ دہلوی نے بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات، زحمات، انداز عمل اور کامیاب جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ہم ان کے فراہم کردہ اصولوں کے تحت اپنے آئینی و مذہبی حقوق کے حصول کے لئے اپنے مطالبات کو منطقی انداز میں آگے بڑھا رہیں اور ملک میں وحدت و اخوت کے فروغ، مسلکی ہم آہنگی، امن و امان کے قیام اور اسلام کے عادلانہ نظام کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔