تقریب نیوز (تنا): بحرین کی نماز جمعہ کے امام آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کل نماز جمعہ کے خطبوں میں عربی ممالک میں پائی جانے والی بد امنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ابتدا میں عربی ممالک میں اٹھنے والی تحریکیں سیاسی اور سماجی اعتبار سے عوام کے حق میں تھیں لیکن ان کے پاس صحیح گائڈ لائن نہ ہونے کی وجہ سے اب عوام کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، کئی لوگوں کی جانیں چلی گئیں، کئی زخمی ہو گئے، بہت سارے جیلوں میں بند ہو گئے اور خطرناک بات یہ کہ اس درمیان بہت سارے افراطی گروہ ان ملکوں میں وجود پا گئے ہیں۔
شیخ عیسی قاسم نے مسجد امام صادق علیہ السلام میں خطبہ کے دوران عربی ممالک کے رہبروں کو مخاطب کر کے ان ملکوں میں پائے جانے والی داخلی اور مذہبی جنگوں پر روک تھام لگانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: عربی ممالک کے حکمرانوں کو فوری طور پر اپنی سیاستوں کو مثبت سمت کی طرف بدلنا ہو گا تاکہ ان ملتوں کے لیے آئندہ کی امید پیدا ہو ورنہ علاقے کے تمام ممالک ایسی جنگ کے منتظر رہیں جس میں سب خشک و تر ایک ساتھ جل جائے گا۔