تقریب نیوز (تنا): مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام عبد الخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں مرکزی اجتماع دفاع وطن کنونشن کیلئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شام پر یکجانبہ ممکنہ امریکی حملہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا: شام میں امریکی ممکنہ جارحیت کیخلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شام پر امریکی حملہ روکنے میں اپنا مکمل کردار ادا کرے کہا: انشاءاللہ شام امریکہ اور اسرائیل کیلئے قبرستان ثابت ہوگا۔
حجت الاسلام اسدی نے مزید کہا: نام نہاد سپر طاقتیں شام پر حملے کے ذریعے اپنے زوال کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقدہ دفاع وطن کنونشن میں لاکھوں فرزندان اسلام شریک ہونگے کہا: بانیان اور وارثان پاکستان اس اجتماع میں پھر سے اس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان ہم نے ہی بنایا تھا اور انشاء اللہ اس کو بچانے کیلئے ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
سرزمین پنجاب پاکستان کی اس نامور شیعہ شخصیت نے شام پر امریکی ممکنہ جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا: عراق اور افغانستان میں بھی امریکی دعوے جھوٹے ثابت ہوئے تھے اور آج شام کے خلاف بھی امریکی دعوے جھوٹے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: آج پھر یہود و نصاریٰ اسلامی سرزمین شام کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، شام میں امریکی ممکنہ جارحیت کیخلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔