تقریب نیوز (تنا): جنرل حسین سلامی نے بدھ کی شام ایران کے شمال مغربی شہر سردشت میں ایک کانفرنس میں کہا کہ اس وقت ایران میں مختلف مذاہب میں جو اتحاد و انسجام پایا جاتا ہے اسی کے زیر سایہ ملک میں اور اسکی سرحدوں پر مکمل طرح سے امن قائم ہے۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ملت ایران ایک عظیم قوم ہے اور اسے بڑے بڑے دشمنوں کا بھی سامنا رہا ہے جنہوں نے تاریخ میں بالخصوص اسلامی انقلاب کی کامیابی کےبعد سے اس کی آزادی، خود مختاری اور سربلندی کو تفرقہ انگیز سازشوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملت ایران دنیا کی تاریخ میں ایک مثالی قوم بن چکی ہے۔ انہوں نے ملت ایران کی علمی، سائنسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی نیز عالمی سطح پر ملنے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری تاریخ میں شاید ہی آپ کو کوئی ایسی قوم ملے کہ جس نے ملت ایران کی طرح دفاعی جدوجہد کے ساتھ ساتھ علمی سائنسی اور اقتصادی میدانوں کے مختلف شعبوں میں سربلندی اور بھرپور توانائيوں سے اعلی مقام حاصل کیا ہو۔
سپاہ پاسداران کے نائب کمانڈر نے کہا کہ اسلامی ملکوں کے حکام اور رہنماؤں میں فکری اور ایمانی اتحاد نہ ہونا ہی مغربی طاقتوں کے گستاخ ہونےکا بنیادی سبب ہے جس کی بنا پر وہ حد سے آگے بڑھ گئي ہيں اور قوموں کے حقوق پامال کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کی گستاخی کی بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ ان قوموں کے اکثر حکمران سامراج کے پٹھو ہیں۔