بنگلادیش: سابق وزیراعظم کا ایک اور وارنٹ گرفتاری جاری
سابق وزیراعظم حسینہ واجد اورعوامی لیگ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف قتل، تشدد اور جبری گمشدگی کے 60 سے زیادہ مقدمات درج ہیں
شیئرینگ :
بنگلا دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے خود ساختہ جلاوطن سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی گرفتاری کے لیے ایک اور وارنٹ جاری کردیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گرفتاری کا دوسرا وارنٹ شہریوں کی گمشدگی میں شیخ حسینہ کے ملوث ہونے کے الزامات پر جاری کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل(آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام نے کہا کہ دوسرا وارنٹ ان کے دور حکومت میں جبری گمشدگیوں سے متعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی سیکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر 500 سے زائد افراد کو اغوا کیا تھا جن میں سے کچھ کو برسوں سے خفیہ جیلوں میں رکھا گیا۔
تاج الاسلام نے صحافیوں کو بتایا ٹریبونل نے شیخ حسینہ، ان کے فوجی مشیر، فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سمیت 11 دیگر افراد کے خلاف وارنٹ جاری کیے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بنگلا دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے حکومت مخالف مظاہرین کو قتل اور تشدد کے الزامات پر شیخ حسینہ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے۔
سابق وزیراعظم حسینہ واجد اورعوامی لیگ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف قتل، تشدد اور جبری گمشدگی کے 60 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔