چین: تبت میں زلزلے نے تباہی مچادی/ 95 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی
چین کے محکمہ موسمیات کے مطابق ڈنگری میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ (17.6 ڈگری فارن ہائیٹ) کے آس پاس ہے اور شام میں منفی 18 تک گر جائے گا
شیئرینگ :
چین کے دور افتادہ ضلع تبت میں منگل کی صبح 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں ’اے ایف پی‘ اور ’رائٹرز‘ کے مطابق تبت کے پڑوس میں نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نے زلزلے کے 6 گھنٹے بعد خبر دی کہ تبت میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔
چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی شدت نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر محسوس کی گئی۔
چین کے محکمہ موسمیات کے مطابق ڈنگری میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ (17.6 ڈگری فارن ہائیٹ) کے آس پاس ہے اور شام میں منفی 18 تک گر جائے گا۔
تبت کے علاقے میں سب سے اونچی کاؤنٹی تقریباً 62 ہزار افراد کا گھر ہے اور ماؤنٹ ایورسٹ کے چینی حصے میں واقع ہے۔
اگرچہ اس خطے میں زلزلے عام ہیں، لیکن منگل کو آنے والا زلزلہ گزشتہ 5 سال میں 200 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔
چینی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے۔