تاریخ شائع کریں2025 7 January گھنٹہ 13:24
خبر کا کوڈ : 663461

 اختیارات کو وسیع کرکے سویلین کا ٹرائل ہو رہا ہے

فرض کریں ایک چیک پوسٹ پر عام شہری جانے کی کوشش کرتا ہے تو کیا یہ بھی آرمڈ فورسز کے فرائض میں خلل ڈالنے کے مترادف ہوگا
 اختیارات کو وسیع کرکے سویلین کا ٹرائل ہو رہا ہے
سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ اختیارات کو وسیع کرکے سویلین کا ٹرائل ہو رہا ہے۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وزارت دفاع ایگزیکٹو کا ادارہ ہے، ایگزیکٹو کیخلاف اگر کوئی جرم ہو تو کیا وہ خود جج بن کر فیصلہ کر سکتا ہے؟ آئین میں اختیارات کی تقسیم بالکل واضح ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین واضح ہے کہ ایگزیکٹو عدلیہ کا کردار ادا نہیں کر سکتا، فوجی عدالتوں کے کیس میں یہ بنیادی آئینی سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ آرمڈ فورسز کو فوج کے ڈسپلن میں لانے کیلئے لایا گیا، ہمارے ملک میں 14 سال تک مارشل بھی نافذ رہا، فرض کریں ایک چیک پوسٹ پر عام شہری جانے کی کوشش کرتا ہے تو کیا یہ بھی آرمڈ فورسز کے فرائض میں خلل ڈالنے کے مترادف ہوگا۔

اس موقع پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اس کیس کے دو حصے ہیں، ایک حصہ آرمی ایکٹ کی شقوں کو کالعدم قرار دینے سے متعلق ہے،  دوسرا حصہ سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل کا سوال بہت اہم ہے، کسی چیک پوسٹ پر سویلین کا تنازع ہو جائے تو ٹرائل کہاں ہوگا، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرمی ایکٹ کا نفاز کن جرائم پر ہوگا اسکا جواب آرمی ایکٹ میں موجود ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اختیارات کو وسیع کرکے سویلین کا ٹرائل ہو رہا ہے، سوال یہ ہے کہ سویلین کا ٹرائل ہو سکتا ہے یا نہیں۔

اس دوران عدالت عظمیٰ نے فوجی عدالتوں میں سولین کے ٹرائل کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
https://taghribnews.com/vdcfvmdvyw6dvja.k-iw.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ