لاہور: عظیم الشان "شان علی مرتضی" کانفرنس کا انعقاد
مولا علی ؑ کی زندگی تقوی، عبادت ،اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی محبت کا عملی نمونہ تھی۔ آپ کی شجاعت، علم اور عدل و انصاف جیسے اوصاف ہر مسلمان کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں
شیئرینگ :
منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام یوم ولادت سیدنا علی المرتضیٰ وجہہ الکریم کی مناسبت سے’’ شان علی المرتضیٰ ؑ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی۔ ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری سمیت منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنمائوں نے کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں شریک مقررین نے حضرت علی ؑ کی سیرت و تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انتہائی عقیدت و محبت سے فضائل و مناقب سیدنا حضرت علی کرم اللہ وجہہ بیان کئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ عظیم سپہ سالار، جرات و شجاعت کے پیکر، علم و حکمت کا بحر بیکراں،خلیفۃ المسلمین تھے، آپؑ نہایت نرم جو اور خوش گفتار شخصیت کے مالک تھے، مگر میدان جنگ میں آپؑ کے نام اور آمد کے خوف سے دشمنان اسلام پر لرزہ طاری ہو جاتا تھا، سب سے بڑھ کر یہ کہ آپؑ حضور نبی کریم ﷺ کے جانثار تھے۔
مقررین نے کہا کہ مولا علی ؑ کی زندگی تقوی، عبادت ،اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی محبت کا عملی نمونہ تھی۔ آپ کی شجاعت، علم اور عدل و انصاف جیسے اوصاف ہر مسلمان کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت علیؑ کو "بابِ علم" قرار دیا۔ آپ کے خطبے، فیصلے اور اقوال حکمت و دانائی کا ایسا خزانہ ہیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ حضرت علی ؑ نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیا اور ظلم کے آگے کبھی سر نہیں جھکایا۔ آپ کے فیصلے عدل کی بنیاد پر ہوتے تھے، چاہے معاملہ کسی بھی عزیز کیخلاف ہو۔ دنیاوی آسائشوں سے بے نیاز ہو کر آپ نے ہمیشہ اللہ کی رضا کو مقدم رکھا۔ امت مسلمہ کیلئے اہلِ بیتؑ کی محبت ایمان کا حصہ ہے۔ حضرت علیؑ کی پوری زندگی صبر و استقامت کا مظہر تھی، چاہے مشکلات کا سامنا ہو یا منافقین کی مخالفت، آپ نے ہمیشہ صبر کا دامن تھامے رکھا۔ آپ کی شہادت صبر اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔
علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ: "علی سے محبت ایمان کی علامت ہے اور علی سے دشمنی نفاق کی نشانی۔" یہ حدیث مبارکہ حضرت علیؑ کی عظمت اور ان کے مقام کو واضح کرتی ہے۔ حضرت علی ؑ کی مبارک زندگی کا سب سے بڑا درس یہ ہے کہ انسان حق و سچائی پر قائم رہے۔ آپ نے اپنی زندگی سے یہ ثابت کیا کہ اللہ کی رضا کیلئے قربانی دینا اور عدل و انصاف کو تھامے رکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔ مولائے کائنات کی زندگی نوجوانوں کیلئے ایک کامل نمونہ ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے امت مسلمہ کو حضرت علیؑ کی تعلیمات سے رہنمائی لینے کی تلقین کی اور کہا کہ ان کے افکار اور عمل کو اپنانے سے معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ کانفرنس میں علامہ اشفاق چشتی، مفتی خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ عبد الخالق باروی، علامہ عامر ندیم، علامہ جاوید عارف، علامہ افتخار چشتی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔