تاریخ شائع کریں2025 16 January گھنٹہ 12:25
خبر کا کوڈ : 664422

جموں اور کشمیر: حریت کانفرنس کا ریاستی مظالم کے خلاف احتجاج کا اعلان

بھارت کے ساتھ عالمی برادری کو بھی ایک مرتبہ پھر باور کرایا جائے گا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے
جموں اور کشمیر: حریت کانفرنس کا ریاستی مظالم کے خلاف احتجاج کا اعلان
بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور شہریوں کی جامہ تلاشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

حریت کانفرنس نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کی کال دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پوری وادی کشمیر کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے، سرینگر اور دیگر قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں اور چوکیاں قائم کی ہیں جہاں گاڑیوں ،مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر بلاجواز چھاپوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے جمہوری حقوق بری طرح سلب کر رکھے ہیں اور وہ انہیں اپنا پیدائشی حق، حق خودارادیت مانگنے پر بڑے پیمانے پر ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کیوجہ سے جنوبی ایشیا مسلسل عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، اس مسئلے کو حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حریت قیادت کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری 26 جنوری کو حسب سابق بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منا کر جموں و کشمیر پر مسلسل غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اس روز بھارت کے ساتھ عالمی برادری کو بھی ایک مرتبہ پھر باور کرایا جائے گا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔
https://taghribnews.com/vdcdxo09xyt09o6.432y.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ